News Details

06/07/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی اور امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ممبران پر مشتمل ایک وفد نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل روماس کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی اور امریکی پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی ممبران پر مشتمل ایک وفد نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل روماس کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں صوبہ خیبر پختونخوا اور نیویارک اسٹیٹ کے درمیان اسٹیٹ ٹو اسٹیٹ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں حکومتوں کے درمیان مختلف سماجی شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراک کار کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے صحت، تعلیم، تجارت، ہیومین ریسورس سمیت دیگر شعبوں میں خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ باہمی تعاون اور اشتراک کار پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر بھی اصولی اتفاق کیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا حکومت اور نیویارک اسٹیٹ کے درمیان نرسنگ ایکسچینج پروگرام،اور ٹیلی ہیلتھ پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی کابینہ اراکین سید قاسم علی شاہ ، فیصل خان ترکئی ، مزمل اسلم ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ صوبائی حکومت کے دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وفد سے سائفر کیس کا معاملہ اٹھاتے ہوئے امریکی کانگریس کی سطح پر اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کے معاملے سے پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک کنفیوڑن پیدا ہوئی ہے اور اس کنفیوڑن کو دور کرنے کے لئے اصل حقائق کو سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی ممبران پر زور دیا کہ وہ امریکی کانگریس کے ذریعے اس معاملے کی تحقیقات کروانے میں کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود کے مختلف شعبوں میں امریکی حکومت کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،خیبر پختونخوا حکومت اور نیویارک اسٹیٹ کے درمیان باہمی اشتراک و تعاون سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت، معدنیات، زراعت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی۔ خیبرپختونخوا حکومت ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل شعبوں میں مقامی سرمایہ کاری بھی بھرپور طریقے سے کر رہی ہے۔موجودہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرکے اپنی آمدن بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اپنی حکومت کی ترجیحات بارے کہا کہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں اپنے پاو ¿ں پر کھڑا کرنا ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبائی حکومت عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے اپنے مسائل کو مواقع میں تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے۔خیبرپختونخوا میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کے تحت صوبے کی سو فیصد آبادی کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ صحت کارڈ کے طرز پر ایجوکیشن کارڈ کے اجراءپر بھی کام جاری ہے۔سکول سے باہر بچوں کا سکولوں میں داخلہ اور خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے،صوبائی حکومت کو بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کے لئے طلبہ کو اسکالرشپس کی فراہمی، ووکیشنل ٹریننگ میں تعاون درکار ہے۔صوبے کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جس پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،صوبے کی ہنر مند افرادی قوت سے دونوں حکومتیں استفادہ کر سکتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بدامنی سے متاثرہ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات اٹھا رہے ہیں،صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے تسلسل کے لئے ضروری قوانین سازی کی جا رہی ہے۔ وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کی پولیس، ہیلتھ اور ایجوکیشن ریفارمز کی تعریف کی اور کہا کہ مزکورہ بالا شعبوں میں صوبائی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ وفد نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں،خیبرپختونخوا کے جنگلات کے رقبے کو مجموعی رقبے کے 26 فیصد تک بڑھانا صوبائی حکومت کی اہم کامیابی ہے۔اس کے علاوہ صوبے کی سو فیصد آبادی کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی قابل ستائش اور قابل تقلید اقدام ہے۔ <><><><><><><>