News Details
25/06/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے پیر کے روز یو این ایچ سی آرکی نمائندہ برائے پاکستا ن فیلیپاکیڈلر کی سربراہی میں ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں خیبرپختونخوا میں مقیم مہاجرین سے متعلق اُمو رپر تبادلہ خیال کیا گیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے پیر کے روز یو این ایچ سی آرکی نمائندہ برائے پاکستا ن فیلیپاکیڈلر کی سربراہی میں ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں خیبرپختونخوا میں مقیم مہاجرین سے متعلق اُمو رپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں مقیم مہاجرین کے مسائل کے حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے باہمی اشتراک کو مزید مربوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کئی دہائیوں سے اپنے افغانبہن بھائیوں کی میزبانی کرتے آرہے ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی رضاکارانہ واپسی کے دوران اب تک خیبرپختونخوا سے تین لاکھ سے زائد غیر ملکی اپنے وطن واپس جا چکے ہیں ۔ صوبائی حکومت نے پختون روایات کے مطابق رضا کارانہ طور پر واپس جانے والے ان غیر ملکیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی ہیں ۔ رضاکاروانہ واپسی کے اس عمل میں ایک بھی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ بغیر قانونی دستاویزات کے پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کی اپنے ممالک واپسی حکومت پاکستان کا فیصلہ ہے جس پر عمل درآمد ہو گا، قانونی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکیوں کے یہاں قیام سے کو ئی مسئلہ نہیں ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا میں مقیم مہاجرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے یو این ایچ سی آر اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر اشتراک کار کی ضرورت ہے جبکہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں یو این ایچ سی آر کوہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اس حوالے سے نہ صرف انتظامی تعاون بلکہ وسائل بھی فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر انہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے اگر یو این ایچ سی آر اس سلسلے میں کوئی پروگرام شروع کرنا چاہے تو صوبائی حکومت افغان نوجوانوں کو اپنے تکنیکی اداروں میں تربیت فراہم کرے گی ۔ صوبائی حکومت کے صحت کارڈ کے طرز پر اگر یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراءکرے تو تب بھی صوبائی حکومت اپنے ہسپتالوں میں ان کیلئے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مہاجرین کے کیمپوں میں بجلی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے شمسی توانائی بہترین ذریعہ ہے ، صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھی یو این ایچ سی آر کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت ضم اضلاع کے بے گھر افراد کی دوبارہ آبادکاری کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ ان لوگوں کی جلد سے جلد آبادکاری کیلئے صوبائی حکومت کو یو این ایچ سی آرسمیت دیگر ڈونر اداروں کا بھی تعاون درکار ہے ۔ وفد نے طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ غیر ملکیوں کی اپنے ممالک رضاکارانہ واپسی کے عمل میں خیبرپختونخوا حکومت کا تعاون قابل ستائش ہے ۔ خیبرپختونخوا میں مقیم مہاجرین کے مسائل کے پائیدار حل اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک کار کو مزید مربوط اور مضبوط بنایا جائے گا۔
<><><><><>