News Details

21/06/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں منشیات کے تدارک کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبہ بھر میں نارکاٹکس ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اس سلسلے میں صوبائی اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں منشیات کے تدارک کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبہ بھر میں نارکاٹکس ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اس سلسلے میں صوبائی اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا 19 رکنی ٹاسک فورس کے سربراہ ہونگے جبکہ ٹاسک فورس کے دیگر ممبران میں متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر شامل ہیں۔ صوبے میں منشیات کی تیاری اور سپلائی کا سدباب خصوصاً تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور جیلوں میں منشیات کی فراہمی کا تدارک ٹاسک فورس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ٹاسک فورس طبی اور سائنسی مقاصد کے نام پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی بھی نگرانی کرے گی۔ نو قائم ٹاسک فورس منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے، بحالی اور انہیں سماجی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق امور کی بھی نگرانی کرے گی۔ ٹاسک فورس کا اجلاس مہینے میں کم سے کم ایک بار منعقد کیا جائے گا۔ ٹاسک فورس ان معاملات سے متعلق وزیر اعلیٰ کو سہ ماہی رپورٹ پیش کرے گی۔یاد رہے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے گذشتہ دنوں اپنی زیر صدارت انسداد منشیات سے متعلق اجلاس میں صوبائی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔