News Details

10/06/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے لکی مروت کے علاقہ شہاب خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک کیپٹن سمیت سات سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے لکی مروت کے علاقہ شہاب خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک کیپٹن سمیت سات سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے جبکہ دھماکے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں،ملک وقوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ سردار علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہونگے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ برمل میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں کے جان بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف اور امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے، متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور اس کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ <><><><><><><><>