News Details

06/06/2024

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے صوبے کے ترقیاتی منصوبے نکالنا کم ظرفی ہے، ملک پر مسلط جعلی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے صوبے کے ترقیاتی منصوبے نکالنا کم ظرفی ہے، ملک پر مسلط جعلی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے لیکن میں انہیں واضح کر دوں کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت اپنا حق لینا جانتے ہیں ۔ترقیاتی منصوبے صوبے کے عوام کا حق ہے ، انہیں فوری بحال کیا جائے ، اگر بحال نہ کئے گئے تو دما دم مست قلندر کیلئے تیار رہیں۔ اس ناجائز حکومت کو گھر بھیجنا ہمارے لئے کوئی مشکل کام نہیں ہے ، ہمارے پاس مینڈیٹ ہے اور 24 کروڑ عوام کی سپورٹ حاصل ہے ۔ وفاقی حکومت سیاسی شہید بننے کے بہانے تلاش کر رہی ہے لیکن ہم انہیں سیاسی شہید نہیں بلکہ سیاسی مردار بنائیں گے ۔ان نااہلوں سے ایک بجٹ تک پیش نہیں ہو رہا اور باقی یہ ملک کیا چلائیں گے ۔ عمران خان انہی وسائل سے ملک بہتر انداز میں چلا رہے تھے ، پٹرول سستا تھا ، بجلی سستی تھی لیکن اب پٹرول بین الاقوامی مارکیٹ میں سستا ہونے کے باوجود یہاں مہنگا ہے ، بجلی کے ریٹس کئی گنا بڑھا دیئے گئے ہیں لیکن پھر بھی مالی خسارہ ہے ، سمجھ نہیں آتی یہ پیسہ کہاں جار ہا ہے ۔ہم نے ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں عوام کو صوبائی ٹیکسوں میں ریلیف کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کیلئے بلاسود قرضے دینے اور دیگر فلاحی اقدامات شامل کئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے بدھ کے روز بی آر ٹی کے ایک فیڈر روٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب ، مینا خان آفریدی کے علاوہ پشاور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی آصف خان اور ارباب شیر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے خط غربت سے نیچے لوگوں کو مفت سولر فراہم کرے گی جبکہ درمیانے درجے کے لوگوں کو آسان اقساط پر سولر دئیے جائیں گے۔ ہم دستیاب وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے صوبے کی آمدنی میں اضافے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہمارے لئے صوبہ چلانا کوئی مشکل نہیں ہے کیونکہ عوام نے ہمیںمینڈیٹ دیا ہے ۔ عمران خان کے کیسز سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان پر بنائے گئے تمام کیسز جعلی اور بے بنیاد ہےں اور یہ حالیہ سائفر کیس کے فیصلے سے ثابت ہو چکا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کے ناصر باغ فیڈر روٹ(ڈی آر14) کاافتتاح کیا۔ مذکورہ روڈ بورڈ بازار تا ڈی ایچ اے براستہ ریگی ماڈل ٹاو ¿ن چلایا جائے گا ، جس کی کل لمبائی 18 کلومیٹر ہے جبکہ اس روٹ پر کل 16 سٹاپس ہوں گے۔ ان سٹاپس میں اسلامیہ کالج ، بورڈ بازار، کینال بینک کالونی ، ناصر ٹیچنگ ہسپتال، پی ایس او سٹاف، پولیس کالونی، عسکری 6 فیز ٹو، عسکری 6 فیز ون ، میاں خان گڑھی، بادیزئی ، ریگی ماڈل ٹاو ¿ن ، زون تھری گراو ¿نڈ ، گورنمنٹ گرلز پرائمر سکول، مسجد حمزہ، لیڈیز پارک اور ڈی ایچ اے شامل ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے ریگی ماڈل ٹاو ¿ن میں 266 کنال رقبے پر مشتمل سنٹرل پارک کا بھی افتتاح کیا ہے جو مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ پارک میں دیگر تفریحی سہولیات کے علاوہ ڈیڑھ کلومیٹر طویل جاگنگ ٹریک اور 710میٹر واک ویز بھی بنائے گئے ہیں۔پارکنگ ایریامیں 150 سے زائد گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ <><><><><><>