News Details

05/06/2024

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت سرکاری جامعات کے مالی مسائل سے متعلق ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت منگل کے روز سرکاری جامعات کے مالی مسائل سے متعلق ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں جامعات کو درپیش مالی مسائل کے محرکات اور مسائل کے حل کےلئے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، مشیر خزانہ مزمل اسلم کے علاوہ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ، مشیر خزانہ ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو جامعات کے مالی مسائل کی وجوہات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گی۔ مذکورہ کمیٹی مسائل کے مستقل حل کےلئے اپنی تجاویز / حکمت عملی بھی وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ کمیٹی میں صوبے کے تمام ریجنز سے جامعات کے نمائندے بھی شامل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عید سے پہلے کمیٹی کا اجلاس یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جامعات کے ملازمین کو مئی اور جون کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جامعات اس سلسلے میں اپنی ضروریات پر مشتمل حقیقت پسندانہ ڈیمانڈز بمعہ ضروری تفصیلات محکمہ خزانہ کو ارسال کردیں ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سرکاری جامعات کے مالی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ، ہم اس سلسلے میں مزید کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری تعلیم و تحقیق کےلئے سازگار ماحول کا ہونا ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے جامعات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کےلئے اپنی ضرورت اور پلان سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سولرائزیشن کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعات اپنے مسائل کے حل کےلئے اپنے انتظامی امور کو بہتر بنائےں اور دستیاب وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔ <><><><><><>