News Details

03/06/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے سابق خاصہ دار فورس کے شہداءکے بچوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ہیں وہ ایک ایک کرکے پورے کئے جائیں گے ، ضم اضلاع کو اپنا پورا پورا حق دیا جائے گا،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے سابق خاصہ دار فورس کے شہداءکے بچوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ہیں وہ ایک ایک کرکے پورے کئے جائیں گے ، ضم اضلاع کو اپنا پورا پورا حق دیا جائے گا، ملک وقوم کیلئے قبائلی عوام کی بے شمار قربانیاں ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ وعدہ کریں گے جو پورا کرسکیں ،ضم اضلاع کی ترقی کیلئے آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میںوعدے سے زائد فنڈز مختص کئے ہیں ۔ صوبے کے پسماندہ اضلاع کو بندوبستی اضلاع کے برابر لانا عمران خان کا وژن ہے ، اسے ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضم اضلاع سب سے زیادہ متا ثر ہوئے ہیں، اب ان اضلاع کو ترقی دے کر ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے، لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع کرنے ، صحت و تعلیم کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ اگلے سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلا سود قرضے دیں گے اور ضم اضلاع کے نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں میں کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے اتوار کے روز ضلع خیبرکے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی قبائلی جرگے کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے جرگے میں رکن صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی ،ضلع خیبر کے ملک صاحبان اور علاقہ عمائدین شامل تھے ۔ جرگے نے وزیراعلیٰ کو مختلف شعبوں سے جڑے علاقے کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا جن میں صحت، تعلیم، روڈز انفراسٹرکچر ، پینے کا صاف پانی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع کی ترقی کیلئے ہونے والی منصوبہ بندی سے متعلق جرگے کو آگاہ کیا اور کہاکہ موجودہ دور حکومت میں اتنے ترقیاتی کام ہوں گے جو ضم اضلاع کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے ہوں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز حکومت فراہم کرے گی مگر کام کے معیار پر نظر رکھناعلاقے کے لوگوں کی ذمہ داری ہے، ترقیاتی منصوبے عوام ہی کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں ، عوام ان کی اتنی ہی نگرانی کریں جتنی اپنی ذاتی چیزوں کی کرتے ہیں، اگر کہیں کوئی ترقیاتی کام غیر معیاری ہے تو فوری روکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام میری ٹیم ہیں، منشیات اور کرپشن کے خاتمے کیلئے میر ا دست و بازو بنیں ، یہ دونوں چیزیں ملک وقوم کی بنیادیں کھوکھلی کر رہی ہیں ۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے ،یہ علاقے کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس علاقے میں کونسا منصوبہ شروع کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے مائننگ کے حوالے سے کہاکہ صوبائی حکومت مائننگ سے متعلق نئی پالیسی لا رہی ہے ،جن علاقوں میں مائننگ ہو تی ہے ان علاقوں کو پورا پورا حق دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھا رہے ہیں کیونکہ صوبے کی ترقی و خوشحالی امن سے وابستہ ہے جب ایک علاقے میں امن ہو گا تو وہ ترقی بھی کرے گا اور خوشحالی بھی ہو گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ ضم اضلاع کے سابق خاصہ داروں کے جو مسائل ہیں وہ مل بیٹھ کر حل کئے جائیں گے ۔ وفاقی حکومت ضم اضلاع کے پورے پیسے ادا نہیں کر رہی، صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے عوام بالخصوص ضم اضلاع کے عوام حکومت کاساتھ دیں ۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھا رہے ہیں اور اُٹھاتے رہیں گے جب تک صوبے کو اپنا حق مل نہیں جاتا ۔ علی امین گنڈا پورا کا کہنا تھا کہ ملک پر اُنہی لوگوں کو دوبارہ مسلط کیا گیا ہے جن کی وجہ سے ملک اس نہج پر پہنچا ہے ۔ جرگے نے ملاقات کیلئے وقت دینے اور ضلع خیبرکے مسائل کو توجہ سے سننے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبے بالخصوص ضم اضلاع کے حقوق کیلئے موثر انداز میں آواز اُٹھانے پرانہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ جرگے نے بجلی کے معاملات سمیت صوبے کے حقوق کیلئے وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ <><><><><><><>