News Details

29/05/2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے منگل کے روز ضلع صوابی کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ کے لاٹ ون کا باضابطہ افتتاح کیا جو ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے منگل کے روز ضلع صوابی کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ کے لاٹ ون کا باضابطہ افتتاح کیا جو ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ تین مختلف لاٹس اورچار پیکجزمیں 15.6 ارب روپے کے مجموعی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ فی الوقت منصوبے کے تحت مکمل کئے گئے لاٹ ون کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ اس مجموعی منصوبے کا ابتدائی کمانڈ ایر یا 30 ہزار ایکڑ ہے جبکہ مستقبل میں مزید 8000 سے زائد ایکڑ کا اضافہ کیا جائے گا۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ منصوبہ علاقے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا،اُنہوںنے کہا کہ زراعت اور آبپاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں،صوبے میں فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے اور صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گاتاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے،نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں،صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہونگے،صوبے میں جو بھی کام ہوگا وہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر عوام سے بھی کہاکہ وہ اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد اور بدعنوانی کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں۔ عوام غلط کاموں کی نشاندہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے، ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہونگے۔انہوں نے ا س موقع پر سرکاری حکام پر بھی زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت کریں،سرکاری محکمے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتے ہیں اور سرکاری حکام کو اُنہی پیسوں سے تنخواہ ملتی ہے۔ اسلئے سرکاری حکام کی ذمہ داری کہ وہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں۔سرکاری حکام روایتی انداز سے ہٹ کر کام کریں اور عوام کے فوری نوعیت کے مسائل بروقت حل کریں۔ اُنہوںنے پولیس کو بھی منشیات فروشوں اور مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ منشیات فروش ہمارے بچوں کے دشمن ہیں انہیں علاقے سے نکالا جائے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد تعلیم اور علاج کی فراہمی ہے عمارتیں بنانا نہیں، جہاں پر بھی ضرورت ہو وہاں پر کرائے کی عمارت میں سکول اور کالج کھولا جائے۔اُنہوںنے کہاکہ بجلی کے حوالے سے وفاقی وزراءسے بات ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کم کی جائیگی ۔ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں ۔علی امین گنڈا پور نے واضح کیا کہ ہر قسم کے ترقیاتی کام ہونگے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے،عمران خان ہماری نسلوں کے لئے جیل میں ہیں، انکی رہائی ہمارا فرض ہے، عمران خان حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے۔اُنہوںنے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے تمام کیسز جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے،عمران خان کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی،ہر قسم کے مظالم کے باوجود ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،اپنا حق اس طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوابی- ٹوپی روڈ کو دو رویہ کرنے جبکہ گدون میں کرائے کی عمارت میں ڈگری کالج کھولنے کا اعلان کیا ۔ اُنہوں نے زیر تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال صوابی کو اسی سال مکمل کرنے کے لیے درکار فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔اراکین قومی اسمبلی اسد قیصر اور شاہرام ترکئی کے علاوہ صوبائی وزیر عاقب اﷲ اور رکن صوبائی اسمبلی رنگیز خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ صوبائی وزیر فیصل ترکئی سمیت دیگر مقامی رہنما اور حکام تقریب میں موجود تھے ۔ <><><><><><><>