News Details

28/05/2024

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں گے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں گے ، بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اسلئے باہمی مشاورت سے ان مسائل کو حل کرنا ناگزیر ہے ۔ اس بات پر اتفاق پایا گیا ہے کہ نظام کے اندر جو خرابیاں ہیں جن سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے اور اس کے علاوہ جو نقصانات ہیں اور جو بقایا جات کا مسئلہ ہے ، ان تمام مسائل پر مل کر کام کریں گے ، جو کام وفاقی محکموں کا ہے وہ کریں گے اور جو ہمارا کردار بنتا ہے ، ہم ادا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے پیر کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم سستی بجلی پیدا کرکے ملک کو دیتے ہیں اور آئندہ بھی فراہم کریں گے تاہم بجلی کے مسائل اور اس سلسلے میں عوام کے تحفظات کو بھی سمجھنے اور دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکام نے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کو مکمل طور پر حل کرنے کیلئے وقت لگے گا۔ تاہم وفاقی حکومت نے بھی اس دوران خیبرپختونخوا کے عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے اتفاق ظاہر کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمارے عوام کو درپیش مسائل کا احساس کیا ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ہم بھی وفاقی حکومت کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صوبے کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانا ہے ۔اس کے لئے ایک لائحہ عمل بنایا گیا ہے جس پر مل کر کام کریں گے ، ہم بہت جلد ان مسائل پر قابو پالیں گے اور لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں ہے ، یہ ہمارے ادارے ہیں جتنے مضبوط ہوں گے ، پاکستان کا فائدہ ہے ۔ہمیں کسی اقدام سے اختلاف ضرور ہو سکتا ہے مگر کسی ادارے کے خلاف نہیں ۔ ہمارے درمیان جو سیاسی اختلافات یا تحفظات ہیں وہ اپنی جگہ پر ہیں اور عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں، اُن معاملات کو اس کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے ازالے کیلئے سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جو نہایت خوش آئند بات ہے ۔اس سلسلے میں اچھے طریقے سے مشاورت کی گئی ہے اور جو لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے اس پر عمل درآمد کے بہترین نتائج نکلیں گے ۔ اسی لائحہ عمل کو دیگر صوبوں میں اختیار کیا جائے گا۔ <><><><><><><>