News Details
09/05/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت نوجوان احسان ظفر عباسی نے ملاقات کی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت نوجوان احسان ظفر عباسی نے ملاقات کی ہے۔احسان ظفر عباسی نے کی بورڈ کے ذریعے گاڑی کو کنٹرول کرنے اور چلانے کا کامیاب سسٹم بنایا ہے۔وزیر اعلیٰ نے احسان ظفر عباسی کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں، صوبائی حکومت ایسے نوجوانوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ ان کی بھر پور معاونت بھی کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احسان ظفر عباسی بھی ایک با صلاحیت نوجوان ہے،جس نے ثابت کیا ہے کہ اگر آپ میں صلاحیت ہے تو آپ وسائل کے بغیر بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ایسے با صلاحیت نوجوان دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ایسے نوجوانوں کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی ضرورت ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر احسان ظفر عباسی کو کسی اچھی یونیورسٹی میں داخل کروا کر اسے سپانسر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احسان ظفر عباسی کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس کی متعارف کردہ ٹیکنالوجی کو پروموٹ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔احسان ظفر عباسی نے ملاقات کے لئے وقت دینے اور بھر پور حوصلہ افزائی کرنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔