News Details
02/05/2024
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر صوبے کے مزدوروں کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے پیکجز کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ محکمہ محنت کی آمدن دوگنا ہو گئی ہے تو مزدوروں کے پیکجز بھی دوگنا ہونے چاہئیں
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر صوبے کے مزدوروں کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے پیکجز کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ محکمہ محنت کی آمدن دوگنا ہو گئی ہے تو مزدوروں کے پیکجز بھی دوگنا ہونے چاہئیں ۔ اُنہوںنے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم سے کم اُجرت پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ویج مجسٹریٹ تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام مزدوروں کے بینک اکاونٹس بنا کر ان کی اجرت ان اکاونٹس میں ٹرانسفر کی جائے اور اس کی کڑی نگرانی کی جائے ، اگر مزدور کی کم سے کم ماہانہ اُجرت 32 ہزار روپے ہے تو مزدور کو اتنی ہی ملنی چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے پشاور میں مزدروں کیلئے تعمیر کئے گئے 2056 رہائشی فلیٹس جلد مزدوروں کو حوالہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مزدور تنظیموں کی مشاورت سے یہ فلیٹس صاف اور شفاف طریقے سے تقسیم کئے جائیں ۔ وہ بدھ کے روز عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے پشاور میں سرکاری سطح پر منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صنعتی مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لئے17 کروڑ 75 لاکھ روپے کی رقم بٹن دبا کر آن لائن ٹرانسفر کر دی ہے۔اس اقدام سے 22 ہزار354 طلبہ مستفید ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مزدور طبقے کا کردار کلیدی اور اہمیت کا حامل ہے جس کا وہ دل سے اعتراف کرتے ہیں ۔اُنہوںنے کہاکہ اگر مزدورکے مسائل کا احساس کرنا شروع کریں گے تو ان کے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے ، ملکی معیشت میں محنت کش طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس پر میں اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اُنہوںنے کہاکہ جو شعبے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں ترقی دینی ہے اور ایسے شعبوں کی ترقی کیلئے قانون سازی اور اصلاحات کی جائیں گی ۔اُنہوںنے کہاکہ وہ قانون سازی کی جائے گی جس میں مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کو تحفظ حاصل ہو اور قانون سازی کے عمل میں مزدور تنظیموں کی مشاورت کویقینی بنایا جائے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایز آف ڈوئنگ بزنس موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ، انہیں تحفظ فراہم کر رہے ہیں ۔اُنہوںنے واضح کیا کہ محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، حکومت اُ س طبقے کے ساتھ کھڑی ہو گی جس کے ساتھ زیادتی ہو گی ۔ ہم نے مسائل کا حل نکالنا ہے اور حل تب ہی نکلے گا جب نیت اور ترجیحات درست ہو ں گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ حکومت صنعتکاروں کو بھی سہولیات دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی فراہم کرنے کیلئے پلان بنائے جارہے ہیں، جب صنعتوں کو سہولیات دیں گے تو صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو بھی اس کا فائدہ ہو گا۔ اُنہوںنے کہاکہ ہم نے بہت وقت صرف باتوں اور وعدوں میں ضائع کیا ہے، اب عملی اقدامات کا وقت ہے، ہماری ترجیحات اور نیت ٹھیک ہیں ، ہم ڈیلیور کرکے دکھائیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ مسائل حل کرنے کیلئے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا، اگر کہیں کسی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہو تو عوام اس کے خلاف کھڑے ہوں،ہم نا کسی سے زیادتی کریں گے اور نا ہونے دیں گے ، ہمیں صرف تنقید برائے تنقید کی بجائے اصلاح پر توجہ دینا ہو گی ۔ اگر ہم آپس میں یکجہتی اور اتحاد پیدا کریں تو ہمیں ایک عظیم قوم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ تقریب سے صوبائی وزیر محنت فضل شکور خان ، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان، صوبائی سیکرٹری محنت اور مزدور رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔
<><><><><><><>