News Details

01/05/2024

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے باجوڑ کے علاقہ ماموند میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے باجوڑ کے علاقہ ماموند میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ وزیر اعلی نے پولیس کے اعلی حکام کا فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بھر پور معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار پر فائرنگ افسوسناک، قابل مذمت اور بزدلانہ فعل ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات سے پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعلی کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں اور مذکورہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ علی امین نے کہا کہ صوبائی حکومت فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں دینے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ َِ<><><><><><>