News Details

01/05/2024

عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈا پور کا پیغام

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت ووقار اور حقوق کے تحفظ کے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ ہم مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناکر ہی ترقیاتی اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ عالمی یوم مزدور (یکم مئی) کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اُجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ کسی بھی ریاست کی ترجیحات میں شامل ہو تا ہے کیونکہ محنت کش قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔علی امین خان گنڈا پور کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر موجود صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ موجودہ صوبائی حکومت محنت کش طبقے کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کرکے قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادفراہم کرتے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ آج کا دن پوری قوم خصوصی طور پر انسانی حقوق کے اداروں ، تنظیموں اور فورمز سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ مزدوروں کی فلاح کیلئے ہم اپنے عزم کا اعادہ کریں ۔ یہ طبقہ نا صرف حکومت اور ریاسی اداروں بلکہ معاشرے کے تمام طاقتور طبقات اور حلقوں کی خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ ہم سب کو مل کر اپنے اردگرد موجود محنت کش افراد کی بھلائی اور اُن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ طبقہ جتنامضبوط اور خوشحال ہو گا ، قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیادیں بھی اُسی قدردیرپا اور مضبوط ہوں گی ۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں مزدور وں کے حقوق کے تحفظ اور اُنہیں ان کا جائز مقام دینے اور اُن کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اُٹھائے گی ۔ <><><><><>