News Details

30/04/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تحصیل چیئرمین کی چھ میں سے پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہیں جوصوبے کے عوام کا پاکستان تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر ان علاقوں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی شاندار کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ پختونخوا پہلے بھی عمران خان کا تھا اور آج بھی عمران خان کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں قوم نے دیگر پارٹیوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے لیکن پی ٹی آئی کا یہ مینڈیٹ چرایا گیا۔ علی امین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں جو کچھ ہوا ہے وہ قوم کے مینڈیٹ کی توہین ہے، ملک کو آگے بڑھانے اور اسے مشکلات سے نکالنے کے لئے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ اسے واپس کیا جائے، عمران خان اور تحریک انصاف 25 کروڑ عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں، فارم 47 کی پیداوار حکومت کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں، جنہوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے وہ ملک کو مزید تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک و قوم کے بہتر مفاد میں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور پی ٹی آئی کا مینڈیٹ اسے واپس کیا جائے ورنہ پاکستان تحریک انصاف اپنے حق کے حصول کے لئے تمام سیاسی، آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔ <><><><><><><>