News Details

28/04/2024

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں موجود آبی وسائل کے موثر استعمال کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹانک زام ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں موجود آبی وسائل کے موثر استعمال کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹانک زام ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ناصرف آبی وسائل کا تحفظ یقینی ہو گا بلکہ فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدام کو بھی تقویت ملے گی۔یہ فیصلہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ اور سیکرٹری آبپاشی طاہر اورکزئی کے علاوہ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کو زرعی اجناس کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے سلسلے میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لئے مجوزہ ٹانک زام ڈیم اور چشمہ رائٹ بنک لفٹ کینال کی تعمیر کے علاوہ آبپاشی کے دیگر منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے ان منصوبوں کے مختلف پہلوو ¿ں اور ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دستیاب آپشنز پر بریفنگ دی گئی۔ مجوزہ ٹانک زام ڈیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ ڈیم کی تعمیر سے جنوبی اضلاع کی ایک لاکھ ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی جبکہ 25.5 میگاواٹ سستی بجلی بھی پیدا ہوسکے گی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ٹانک زام ڈیم کے مجوزہ منصوبے پر عملی پیشرفت کے لئے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈیم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نہ صرف جنوبی اضلاع کی بنجر زمینوں کو سیراب کر نے میں مدد ملے گی بلکہ سستی بجلی پیدا کرنے کے علاوہ سیلاب کے نقصانات کو بھی کم سے کم کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی فوڈ سکیورٹی کے سلسلے میں بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے صوبے میں غذائی اجناس کی قلت کا مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات اٹھائے گی اور ایسے منصوبوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرے گی۔ <><><><><><>