News Details

20/04/2024

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورکی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اہم اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میںوزیراعلیٰ کو انسداد پولیو پروگرام کے مختلف پہلوﺅں، درپیش چیلنجز اورآئندہ کے لائحہ عمل اور دیگر مختلف اُمور پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ انسداد پولیو مہمات کے سو فیصد اہداف کے حصول کیلئے حکمت عملی کو بہتر بنانے اور انسداد پولیو پروگرام کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور،ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد عابد مجید ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ،محکمہ صحت کے متعلقہ حکام اور پارٹنر اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ڈویژنل کمشنرز اورتمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہو ئے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں انسداد پولیو مہمات کو کامیاب بنانے کیلئے تمام شراکت داروں کے مابین کوآرڈنیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بہتر ٹیم ورک کے ذریعے انسداد پولیو مہمات کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ پولیو مہمات کے آپریشنل معاملات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ریفیوزل کیسز کے مسئلے کو حل کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ،بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو قائل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اوراس سلسلے میں مقامی علمائے کرام ، مقامی سوشل موبلائزرز اور منتخب عوامی نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں اور ہر پولیو مہم کے بعد ریفیوزل کیسز کا خصوصی جائزہ لیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے پولیو کے حوالے سے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے علاقوں کیلئے اضافی وسائل مختص کئے جائیں تاکہ صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ممکن ہو ۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ پوسٹ کیمپین مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ انسداد پولیو مہمات کے حاصل شدہ نتائج کا حقیقت پسندانہ ڈیٹامرتب کیا جائے ۔اُنہوںنے کہاکہ پولیو مہمات کے حوالے سے حکومتی سطح پر متعلقہ کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز پر اصل ذمہ داری عائد ہو تی ہے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں وہ جوابدہ ہو ں گے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری اور ایک قومی فریضہ ہے ۔ والدین ، اساتذہ ، علمائے کرام اور میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا اجتماعی اور انفراد ی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی اداروں کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بین الاقوامی شراکت داراداروں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔موجودہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے ایک نئے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ فرنٹ لائن پولیو ورکرز اور ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں ۔ صوبائی حکومت اس قومی فریضے کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ <><><><><>