News Details

18/04/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں کسی بھی شفاف اور قابل لیڈر کی کوئی جگہ نہیں، اگر کوئی عمران خان جیسے لیڈر کے نام پر الیکشن میں حصہ لے گا تو اسے فارم 47 میں رد و بدل کرکے ہرادیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں کسی بھی شفاف اور قابل لیڈر کی کوئی جگہ نہیں، اگر کوئی عمران خان جیسے لیڈر کے نام پر الیکشن میں حصہ لے گا تو اسے فارم 47 میں رد و بدل کرکے ہرادیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ نظام ایکسپوز ہوچکا ہے اور مزید ایکسپوز ہو رہا ہے۔ وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے کہ معاملات کو ٹھیک کیا جائے، جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کی معافی تلافی کرکے ملک و قوم کی خاطر صحیح سمت اپنایا جائے، قوم کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں ۔ وزیراعلیٰ نے ماضی قریب کے سیاسی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں پی ڈی ایم ون کا جو تجربہ کیا گیا اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، اس نے ملک کو تنزلی کی طرف دھکیل دیا۔ اس کے بعد نگران حکومت نے جو ملک کے حالات بنائے وہ بھی سب کے سامنے ہیں۔ اور اب پی ڈی ایم ٹو کے ذریعے ایک نیا تجربہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ قوم مزید تجربات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ ملک میں جو مہنگائی ، بے روزگاری اور معیشت کی صورتحال ہے یہ کسی صورت بھی ٹھیک نہیں ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، تجربات سے باہر نکلیں اور ملک و قوم کا سوچیں، کروڑوں عوام اس وقت مسائل کا شکار ہیں ان کے مسائل حل کرنے پر کام کریں۔ انہوں نے اس موقع پر سیاسی قائدین اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر آج کے دور میں آپ کسی کے گھر پر دھاوا بولیں گے اور غیر قانونی طور پر کسی کی فیملی کو ہراساں کروگے تو یہ بات ضرور سوچیں کہ تمھارا اپنا بھی گھر ہے اور تمھارا بھی ایک خاندان ہے۔ آج جو ہمارے ساتھ ہورہاہے کل ان کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ کسی کے خاندان اور عزت کو ذاتی انتقام کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئیے جو اصلاح کیلئے تیار ہے یہ خوشی کی بات ہے اور ہمارا دین بھی یہی کہتا ہے تاہم جو اصلا ح کیلئے تیارنہیں وہ سزا کیلئے تیار ہو جائے۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب حکومت تو ٹک ٹاک پر چل رہی ہے، حکومت کو چاہئیے کہ اگر کوئی فیصلہ کرے تو اس پر عملدرآمد بھی کرائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں روٹی کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کرکے دکھایا جائے گا۔ <><><><><><>