News Details

10/04/2024

عید الفطر کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکا پیغام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسردار علی امین خان گنڈا پور نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام اور سمندر پار پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کا تہوار اللہ تعالی کی طرف سے مسلمانوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے جو رمضان کے پورے مہینے میں روزوں اور دیگر عبادات کے صلے میں عطا کیا گیا ہے جس کے لئے اللہ تعالی کی ذات کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ عید الفطر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الفطر ملت اسلامیہ میں اجتماعیت اور یگانگت کی سوچ پیدا کرتی ہے اور آج بحیثیت قوم ہمیں اجتماعیت اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ ہم اپنے آس پاس نادار لوگوں اور معاشرے کے محروم طبقوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور ایسا کرکے ہم نہ صرف عید کی خوشیوں کو دوبالا کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضابھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام مخیر حضرات اپنے آس پاس ناداروں اور ضرورت مندوں کا بھر پور خیا ل رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں کیونکہ جس طرح روزہ ہمیں صبر وتحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے اسی طرح عید الفطر ہمیں دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا درس دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عید الفطرکا ایک اہم پیغام باہمی محبت و اخوت اور اتحاد کا بھی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم وطن عزیز میں امن و سلامتی اور قومی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسزکے جوانوں کو عید الفطر کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔ <><><><><><><><>