News Details
09/04/2024
ہوائی فائرنگ/وزیر اعلی اپیل
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے شہریوں سے چاند رات پر ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔اس سلسلے میں پیرکے روز یہاں سے جاری ایک خصوصی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے، ہوائی فائرنگ کسی کی عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے ۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ ایک قانونی اور معاشرتی جرم ہے جس سے گریز کیا جائے۔ اُنہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنائیں، شہری نہ صرف خود ہوائی فائرنگ سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کرکے ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ علی امین خان گنڈا پور نے انتظامیہ اور پولیس کو بھی چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے سد باب کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہوائی فائرنگ پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
<><><><><>