News Details

09/04/2024

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق ایک اہم جلاس وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق ایک اہم جلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حجم اور دیگر متعلقہ اُمور پربریفینگ دی گئی جبکہ عوامی فلاح بہبود کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق اُمور پر غور وخوض کیا گیا ۔وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری امتیاز حسین شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی سے متعلق معاملات پر گفتگوکی گئی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس سیز کے تمام ٹیوب ویلز اور بڑی سڑکوں پر نصب لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں لائٹوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ اجلاس میں بی آر ٹی کی ڈیزل ہائی برڈ بسوں کو مکمل طور پر الیکٹرک سسٹم پر منتقل کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی امین خان گنڈا پور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جائے اور کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کے مکمل سدباب کے لئے موثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اور واضح کیا ہے کہ ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں بدعنوانی کے تمام راستے مسدود ہوں، بہتر اور شفاف طرز حکمرانی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے بد عنوانی پر مبنی سرگرمیوں کا راستہ روکنا ناگزیر ہے ۔ <><><><><><>