News Details

06/04/2024

خیبرپختونخوا کابینہ کا تیسرا اجلاس

خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کو تنخواہوں، پنشن اور سابقہ واجبات کی ادائیگی کیلئے 859.8 ملین سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دی ہے۔ منظوری سے صوبے کے 86 بندوبستی اور 25 ضم اضلاع میں ٹی ایم ایز کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ کابینہ نے رواں ماہ کے کرنٹ اخراجات کی انتظامی منظوری بھی دی جس کی باضابطہ منظوری آئندہ اسمبلی اجلاس سے لی جائے گی۔ خیبرپختونخوا کابینہ کا تیسرا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں ضم ضلع جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج اسپنکئی کے لیے گرانٹ کی فراہمی، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری اور خیبرپختونخوا حکومت اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) یونٹ کے لئے معاہدے پر دستخط کی منظوری زیر بحث آئے۔ ٹی ایم اے امور کا احاطہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلئے اصلاحات کے ذریعے ریونیو میں اضافہ، ٹی ایم اے پراپرٹیز کے مو ¿ثر استعمال اور لیز پالیسی پر نظر ثانی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے ٹی ایم اے اور محکمہ زراعت کو مربوط حکمت عملی کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں منڈیوں کے تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کابینہ نے ضم ضلع جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج ا سپنکئی کے لیے خصوصی مالی گرانٹ کی فراہمی کی اصولی طور پر منظوری دی۔گرانٹ کالج کے آپریشنل اخراجات کے لئے فراہم ہوگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج اسپنکئی اس وقت جنوبی وزیرستان میں طلباءکو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے جہاں علاقے میں کم معاشی سرگرمیوں اور زیادہ سے زیادہ طلبائ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے فیسیں کم سے کم رکھی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اسپنکئی اور وانا کے کیڈٹ کالجوں میں شہدائ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلباءکے ساتھ ضرورت مند طلباءکو سکالر شپ دینے کے لیے محکمہ تعلیم کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اسی طرح صوبائی کابینہ نے خیبرپختونخوا حکومت اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان پائیدار ترقیاتی اہداف یونٹ کے لیے مالیاتی معاہدے پر دستخط کی بھی منظوری دی۔کابینہ کے اجلاس میں وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔