News Details
31/03/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایک اجلاس گذشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت صوبے میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات، اس سلسلے میں آگے کے لائحہ عمل اور محکمہ کے دیگر معاملات سے متعلق وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد لطیف، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد علی شاہ کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ متعلقہ حکام کی طرف سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ حکومتی امور اور شہری سہولیات کی فراہمی کو ڈیجیٹائز کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل لیٹریسی کے فروغ، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سمیت متعدد شعبوں میں زیادہ سے زیادہ انفارمیشن ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ان منصوبوں اور اقدامات میں ڈیجیٹل گورننس، پبلک سروس ڈیلیوری، سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز، ڈیجیٹل ورک اسپیس، ڈیجیٹل اسٹیمپنگ، انٹگرٹیڈ فارمر رجسٹری، سپلائی چین منیجمنٹ سسٹم، وزٹرز منیجمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل ایسسمنٹ پلیٹ فارم، آن لائن ایڈمشن سسٹم، ای پیمنٹ سسٹم، آن لائن اسلحہ لائسنس، ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ، ٹیلینٹ منیجمنٹ پلیٹ فارم ، ڈیجیٹل اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔
موجودہ دور میں زندگی کے تمام شعبوں میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری امور میں شفافیت اور سرکاری محکموں کی استعداد کار کو بڑھانے اور کم سے کم وقت اور وسائل میں زیادہ کام کرنے کے لئے سرکاری امور کو ڈیجیٹل اور آن لائن سسٹم پر منتقل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ اس طرح ڈیجیٹل اکانومی کی طرف جانے کے لئے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل اسکلز سکھانے اور ڈیجیٹل انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینا اور شہریوں کی سہولت کے لئے شہری خدمات کی آن لائن فراہمی وقت کا اہم تقاضا ہے جس کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے اور موجودہ صوبائی حکومت اپنے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا وژن کے تحت آگے بڑھے گی اور اس سلسلے میں جدید انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لائے گی۔ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی خدمات کی آن لائن فراہمی، ڈیجیٹل اسکلز، ڈیجیٹل انٹرپرنیورشپ سے متعلق پروگراموں کے بارے میں لوگوں کو آگہی دینے کے لئے ان پروگراموں اور سہولیات کی تشہیر کی جائے اور اس مقصد کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مو ¿ثر استعمال عمل میں لایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔