News Details

24/03/2024

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا اہم اقدام، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم

خیبر پختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی ہے۔ یہ سہولت بیرون ملک مقیم ان پاکستانیوں کے لئے دستیاب ہوگی جن کو خیبر پختونخوا ٹریفک پولیس کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراءکردیا جائےگا۔ تجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز کی طرف سے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اہم اقدام کو بے حد سراہا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتی مشنز نے دوسرے صوبوں پر بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اس سہولت کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ اس ضمن میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، خیبر پختونخوا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، خیبر پختونخوا حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے صوبائی حکومت سے جڑے مسائل حل کرنے اور انہیں درکار تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ َِ<><><><><><>