News Details
23/03/2024
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ صحت انصاف کارڈ بحال کر دیا گیا ہے اور دیگر فلاحی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ عوام کی فلاح و ترقی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے وفاق سے وابستہ صوبے کے حقوق حاصل کریں گے ۔ یہ ہمارے عوام کا حق ہے جو ہم ضرور لیں گے اور عوام کی فلاح و ترقی پر خرچ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی کی گئی ہے ، موجودہ مرکزی حکومت کو عوام کا تعاون اور مینڈیٹ حاصل ہی نہیں ہے وہ عوام کیلئے کیا ڈیلیور کرے گی ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت قید میں ہیں لیکن وہ پھر بھی ڈیل نہیں کریں گے تاہم وہ ملک و قوم کیلئے بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں اور جب وہ گرفتار نہیں ہوئے تھے تب بھی وہ بارہا یہ بات کر چکے ہیں۔ علی امین گنڈا پورکا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد جو حالات بن چکے ہیں یہ پوری قوم جانتی ہے اب تک جو کچھ بھی ہوا ہے اس کا نقصان پاکستان اور اس کی عوام نے اُٹھایا ہے ۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ عمران خان بہت جلد رہا ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ صورتحال سے عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔ اپنے بارے میں نہ اُنہیں کوئی شکایت ہے اور نہ ہی اس چیزکی انہیں کوئی پرواہ ہے وہ ہمیشہ قوم کی فکر میں رہتے ہیں اور پاکستان اور ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ ہم اس پرامن جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتخابات میں فارم 47 کے تحت دھاندلی کرکے لوگوں کو جتوایا گیا ہے اس پر احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے ، ہم پرامن احتجاج کرکے اپنا حق مانگیں گے ، اُمید ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں عدلیہ سے انصاف ملے گا۔
<><><><><><><><>