News Details
17/03/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت پانچ اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت پانچ اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہونگے اور ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
<><><><><><><>