News Details
05/03/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہتری موجودہ صوبائی حکومت کی سب سے پہلی اور اہم ترجیح ہوگی جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہتری موجودہ صوبائی حکومت کی سب سے پہلی اور اہم ترجیح ہوگی جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس مقصد کے لئے خیبرپختونخوا پولیس کو درکار مالی وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے جبکہ پولیس فورس کو گاڑیوں اور جدید اسلحہ سمیت تمام درکار آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی کیونکہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کا انحصار امن و امان پرہے ، امن کے بغیر نہ تو سرمایہ کاری آئے گی اور نہ ہی ترقی ممکن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع چارسدہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غربت کا خاتمہ ، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور لوگوں کو روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت کی دوسری اہم ترجیح ہوگی کیونکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال نے کمزور طبقوں کو متاثر کیا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی حکومت کی تیسری اہم ترجیح ہوگی اور اس مقصد کے حصول کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس میں اصلاح کی بات کی ہے اس کو دھمکی نہ سمجھا جائے،انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے لیکن اصلاح کرنا ہمارا فرض ہے۔ علی امین کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں کوئی بھی کسی کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی نہ کرسکے ، اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہ کرسکے، ہم آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر اور انصاف پر مبنی نظام چاہتے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے گزشتہ دنوں مردان میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میںشہید ایس پی اعجاز خان کے گھر گئے اور ان کی شہادت پر اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کی بچیوں سے خصوصی ملاقات کی اور صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی اعجاز خان نے جوانمردی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کیا ، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان شہداءنے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ہمارے پولیس جوانوں اور افسران کے حوصلے بلند ہےں ، اس قسم کے بزدلانہ حملے ان کی بہادری کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتے۔ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہید ایس پی اعجاز خان کی بچیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے ، اعجاز خان کے اہلخانہ کی بھرپور معاونت کی جائے گی اور شہید کے اہلخانہ کو شہید پیکج کے تحت تمام مراعات دی جائیں گی اگر شہید کی بیوہ پولیس میں بھرتی ہونا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔
<><><><><><><><>