News Details
28/03/2024
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے نیب پشاور کا دورہ کیا
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے اور اس ناسور کے خاتمے کے لئے نیب کا کردار قابل ستائش ہے، نیب کی کوششوں سے صوبائی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے جس کے لئے نیب حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل وقار احمد چوہان کی قیادت میں چیئر مین نیب کے وژن کے مطابق نیب خیبرپختونخوا میں اصلاحات کا جو عمل شروع کیا گیا ہے وہ لائق تحسین ہے ان اصلاحات پر عملدرآمد کے نتیجے میں ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور عوام میں نیب کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ابتدائی مراحل ہی سے نیب حکام کو بطور شراکت دار شامل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ نہ صرف بدعنوانی کا ابتداءہی سے تدارک ممکن ہو بلکہ سرکاری معاملات میں حد درجہ شفافیت بھی یقینی ہو اور سرکاری حکام میں اعتماد کو فروغ ملے۔ وہ گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹر پشاور کے دورے کے موقع پر نیب افسران سے خطاب کررہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا وقار احمد چوہان، نگران وزیر اعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید مجتبیٰ ترمذی اور وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے انچارج جمیل سواتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسی معاشی و معاشرتی بیماری ہے جو کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے دیمک کی طرح ہوتی ہے ، یہ قوم کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کرپشن ایک ایسا قبیح عمل ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی و اصلاحاتی سرگرمیاں ماند پڑ جاتی ہیں، نظام پر عوام کا اعتماد اٹھ جاتا ہے، وسائل کا ارتکاز جنم لیتا ہے ، نتیجتاًمعاشرے میں عدم مساوات، عدم انصاف اور ظلم کو فروغ ملتا ہے اس لئے بدعنوانی کا تدارک ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کا فروغ اور بدعنوانی کا خاتمہ نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہاہے، خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئیں جبکہ گڈ گورننس کے فروغ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان نے نیب میں متعارف کرائی گئی اصلاحات اور نیب کی کارکردگی کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ کے وژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وژن پر عملدرآمد کے ذریعے نہ صرف سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بلا تاخیر تکمیل بھی یقینی ہوگی۔
<><><><><>