News Details
13/02/2024
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پیر کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ہیلیم فری 1.5 ایم آر آئی سسٹم کا افتتاح کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید مجتبیٰ ترمذی، چیئرمین بورڈ آف گورنرز خیبر ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عمر ایوب، بورڈ آف گورنرز کے ممبران، ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسری پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ، ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ایاز خان اور ہسپتال کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی کو نو تنصیب شدہ 1.5 ہیلیم فری ایم آر آئی سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ایم آر آئی سسٹم ہے جس پر تقریباً 400 ملین روپے لاگت آئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ نیا ایم آر آئی سسٹم ایک جدید ترین سسٹم ہے جو پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص اور ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔ اس سسٹم کی تنصیب سے ہسپتال اب جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوگئی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس جدید ایم آر سسٹم کی تنصیب کو ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جدید سسٹم کی تنصیب سے ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی اور لوگوں کو کم قیمت پر ایم آر آئی سروس دستیاب ہوگی۔
<><><><><><>