News Details
0000-00-00
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخواجسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے ایک کثیر رکنی وفد سے ملاقات
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخواجسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی کمیونٹی کا بہت اہم کردار رہا ہے اور پوری قوم ان کے ا س کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دین اسلام اور پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو ہر قسم کے حقوق حاصل ہیں، اقلیتیں ہمارے معاشرے کا اہم جز اور ملک کے برابر شہری ہیں اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کا خصوصی خیال رکھیں اور ان کے تمام آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے ایک کثیر رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے گزشتہ روز کمشنر ہزارہ کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور مانسہرہ میں مسیحی برادری کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے مناسب اقدامات کی استدعا کی جن میں چرچ اور قبرستان کے لئے اراضی کی فراہمی اور دیگر معاملات شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفدکو مانسہرہ کی مسیحی برادری کے چرچ اور قبرستان کے لئے اراضی کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں فوری طور پر ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بحیثیت شہری سب برابر ہیں اور سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں جن کا تحفظ حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت اقلیتی برادری کے لوگ پر امن اور محب وطن شہری ہیں ، ملک و قوم کے لئے ان کی بڑی خدمات ہیں اور قومی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار لائق تحسین ہے۔ سید ارشد حسین شاہ نے متعلقہ حکام کو اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو درپیش مسائل کا حل نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ حکومت کا ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ان کا بنیادی فرض ہے۔ مسیحی برادری کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کرنے پر وفد نے وزیراعلیٰ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
<><><><><><><>