News Details

05/02/2024

یوم یکجہتی کشمیر ( 5فروری) کی مناسبت سے نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خصوصی پیغام

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ریٹائرڈ)سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی اس جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں نگراں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے جسے ریاستی جبرو تشدد کے ذریعے کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا، ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تب تک کھڑے رہیں گے جب تک انہیں ان کا یہ بنیادی حق نہیں ملتا۔ سید ارشد حسین شاہ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ا ±ن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ نگران وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سے وابستہ ہے، دنیا کو اس اہم مسئلہ کی نزاکت کوسمجھنا ہوگا اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی، ہم حق آزادی کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی بہادری ، استقامت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انشاءاللہ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے۔ سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں سے یکطرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جو پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگرتنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو چا ہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلے کو حل کروا کر خطے میں پائیدار امن قائم کرنے میں کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح خیبر پختونخوا کے عوام آزادی کی اس جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس مسئلے کے حل تک ان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ <><><><><><><><>