News Details
26/01/2024
خیبرپختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی
خیبرپختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اوروزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئر(ریٹائرڈ) سید مجتبیٰ ترمذی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز کی کنٹری منیجر ، کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز نے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے " واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کی استعداد میں اضافہ اوردیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول " کے منصوبے کے تحت آٹھ عدد واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے کیں۔ علاوہ ازیں ایک عدد فیلڈ ٹریننگ وین بھی پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی کمی کو دور کرنا ہے ۔ منصوبے کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی فراہمی کے علاوہ پہلے سے موجود لیبارٹریز میں آلات کی تنصیب ، لیبارٹریز کی عمارتوں کی اپگریڈیشن اور ریمانڈلنگ کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز میں کام کرنے والے عملے کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔اسی طرح منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر واٹر کوالٹی ڈیٹا منیجمنٹ کو مضبوط کرنے اور اس مقصد کے لئے وزرات ماحولیاتی تبدیلی کے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے کو مزید مو ¿ثر بنانے کے لئے منیجمنٹ انفارمیشن سافٹ وئیر بھی تیار کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کو موصول ہونے والی موبائل لیبارٹریز صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پانی کے معیار کی جانچ کے لئے بروئے کار لائی جائے گی۔ اس منصوبے سے مجموعی طور پر صوبے کی 50 فیصد سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے منصوبے کو بہتر انداز میںمکمل کرنے پر تمام متعلقہ حکام اور شراکت داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور پارٹنر اداروں "کوریا انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی "اور" یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز"کے باہمی تعاون سے یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جو دیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول اور ترقیاتی عمل میں درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں مشترکہ جدوجہد کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کو ریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے مالی تعاون کی وجہ سے صوبے کے آٹھ اضلاع میں اب واٹر ٹیسٹنگ کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ ان لیبارٹریوں کے ذریعے نہ صرف پینے کے صاف پانی کے معیارکو یقینی بنایا جاسکے گا بلکہ قدرتی آفات یا پانی سے پیدا ہونے والے امراض کے دوران صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شراکت داروں کو مزید منصوبوں اور اقدامات کے ساتھ آگے آنے کی دعوت دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے باہمی تعاون اور کوششوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں باصلاحیت اور ہنر مند افرادی قوت موجود ہے ۔ ہم اپنے بیرونی شراکت داروں اور ممالک کو بھی ان کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افراد مہیا کرسکتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر عامر ندیم درانی اورکوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
<><><><><><><><>