News Details
24/01/2024
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال سے متعلق اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال سے متعلق ایک اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں منصوبے کے لئے فنانسنگ کے علاوہ دیگر متعلقہ امور پر غوروخوص کیا گیا۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ایریگیشن طاہر اورکزئی اور محکمہ آبپاشی کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ منصوبے کے مختلف پہلووں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا تخمینہ لاگت 189 ارب روپے ہے جس میں سے 65 فیصد وفاقی جبکہ 35 فیصد صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی زیر کاشت آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سی آر بی سی منصوبے کو صوبے کی زرعی خود کفالت کے لئے انتہائی اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومت کے حصے کی فنڈنگ کی فراہمی کے لئے دستیاب مختلف آپشنز پر ورکنگ کرکے آنے والی منتخب حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے اور اگر ممکن ہو تو یہ منصوبہ اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے ایجنڈے میں شامل کروانے کےلئے متعلقہ وفاقی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے۔
<><><><><><><>