News Details
23/01/2024
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے صوبہ بھر میں نہروں کی بھل صفائی مہم اور نہروں کی مرمت کا افتتاح کردیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پیر کے روز صوبہ بھر میں نہروں کی بھل صفائی مہم اور نہروں کی مرمت کا افتتاح کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر انجنیئر احمد جان، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری آبپاشی طاہر اورکزئی اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بھل صفائی مہم 2023-24 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا صوبہ بھر میں 18 لاکھ 42 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمینوں کو آبپاشی کیلئے پانی فراہم کرتا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے چار ہزار کلومیٹر سے زائد نہری نظام قائم کیا گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی ہر سال جنوری اور فروری کے مہینوں میں اس نہری نظام کی صفائی کرتا ہے۔ ان نہروں کی صفائی کیلئے مالی سال 2023-24 کے دوران 70 کروڑ روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس بھل صفائی مہم کے دوران ان نہروں سے 123.60 ملین کیوبک فٹ مٹی/ کیچڑ نکالا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ بھل صفائی مہم کے دوران نہروں کی صفائی کے علاوہ نہروں اور دیگر انفراسٹرکچر کی ضروری مرمت بھی کی جائے گی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایریگیشن کینال نیٹ ورک میں اپر سوات کینال سسٹم، لوئر سوات کینال سسٹم، پیہور مین کینال سسٹم، پیہور ہائی لیول کینال سسٹم، کابل ریور کینال سسٹم، تاندہ ڈیم کینال سسٹم،پہاڑ پور کینال سسٹم، مروت کینال سسٹم، بنوں کینال سسٹم، سرن کینال سسٹم، سی آربی سی، ورسک کینال سسٹم، بلامبٹ ایریگیشن سسٹم، بیزئی ایریگیشن سکیم شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھل صفائی مہم کے دوران نہروں سے نکالے جانے والے کیچڑ کو ٹھکانے لگانے کا مناسب بندوبست کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بھل صفائی مہم کے دوران سڑکوں اور دیگر مقامات پر گندگی نہ پھیلے۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ نہروں کی بھل صفائی اور مرمت کے کاموں کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے اور مرمت کے کاموں کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر مہم کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ افسران فیلڈ میں جاکر بھل صفائی مہم اور نہروں کی مرمت کے کاموں کی خود نگران کریں۔
<><><><><><>