News Details
11/01/2024
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور پوری قوم پولیس کی ان قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور پوری قوم پولیس کی ان قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔ پولیس جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دے رہے ہیں ، یہ اس قوم پر پولیس فورس کا بڑا احسان ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان جس جوانمردی اور بہادری کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم مل کر اس ناسور اور فتنے کو ختم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پولیس لائن پشاور میں منعقدہ پولیس دربار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ دشمن کے بزدلانہ حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور پولیس جوانوں کا مورال ہمیشہ کی طرح بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس مقصد کے لئے پولیس کی تمام تر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائیگا۔ پولیس فورس کو جدید آلات سے لیس کرنے کے لئے وسائل کی کمی کو آڑئے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے زخمیوں کے سرکاری طور پر علاج کے لئے خصوصی فنڈز کا بندوبست کیا جائے گا جبکہ پولیس کے جوانوں کے ذہنی سکون اور فلاح و بہبود کا ہر طرح سے خیال رکھا جائیگا۔قبل ازیں، وزیراعلیٰ نے پولیس لائن دورہ کے موقع پر یادگار شہداءپر حاضری دی، یادگار پر پھول رکھے اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس لائن میں قائم ڈیٹا انا لیسز سیکشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں سیکشن کے افعال اور مختلف امور بارے بریفنگ دی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان اور پولیس کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد حسین شاہ نے کہا کہ صوبے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، وفاق کی طرف سے ضم اضلاع کے شیئرز اور دیگر فنڈز پورے نہیں مل رہے لیکن صوبائی حکومت مالی مسائل کے باوجود پولیس کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے لئے 56 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے اور یہ معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن اور عدالت کا فیصلہ حتمی ہوگا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن یا عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا صوبائی حکومت اس پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
<><><><><><><>