News Details

11/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو فعال بنانے سے متعلق معاملات پر غوروخوص کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے منصوبہ بندی سید امتیاز حسین شاہ اور سیکرٹری صحت محمود اسلم کے علاوہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیسکو قاضی طاہر ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی خالد محمود اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو منصوبے کی تکمیل پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبہ فیڈرل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2013 میں شروع کیا گیا تھا۔منصوبے کا سول ورک تقریباً 90 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے تاہم ہسپتال کو فعال بنانے کےلئے بجلی اور گیس کے کنکشنز کے علاوہ سیوریج لائن کی عدم موجودگی کا مسئلہ درپیش ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال کے لئے طبی آلات کی خریداری کے لئے فنڈز کے اجراءکے علاوہ ہسپتال کےلئے نئی آسامیوں کی تخلیق کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کی سیوریج لائن کی تعمیر کےلئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فوری طور پر پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد یقینی بنانے جبکہ ہسپتال کے لئے درکار آسامیوں کی تخلیق کے لئے ایس این ایز منظوری کےلئے صوبائی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ طبی آلات کی خریداری کےلئے ہسپتال کےلئے فنڈز کے اجراءکا معاملہ متعلقہ وفاقی حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہسپتال کو بجلی اور گیس کنکشنز کی فراہمی کےلئے پیسکو اور ایس این جی پی ایل حکام کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ عوامی فلاح کا اہم منصوبہ ہے، اسکی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس سلسلے میں کوتاہی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ <><><><><><><>