News Details

03/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں جدید مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کی فراہمی کے پروگرام کا باضابطہ اجراءکردیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں جدید مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کی فراہمی کے پروگرام کا باضابطہ اجراءکردیا ہے۔ پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، نرسنگ، پیرامیڈیکس اور دیگر شعبوں میں کریش کورسز کروائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے مختلف محکموں اور اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر باضابطہ دستخط بھی کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ تھے جبکہ نگران کابینہ اراکین ، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، شراکت دار اداروں کے نمائندوں ، صحافی حضرات اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف محکموں اور اداروں کے مابین سات مفاہمتی یادداشتوں پر باضابطہ دستخط کئے گئے جن کے باہمی تعاون سے ٹارگٹڈ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں کریش کورسز کروائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور نے محکمہ امور نوجوانان اورخیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ساتھ دو مختلف مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی نے محکمہ اعلیٰ تعلیم اور تیز رفتار سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ دو مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے جبکہ خیبرپختونخو ا آئی ٹی بورڈ اور سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کامسیٹس نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز جبکہ پاک آسڑیا فخہ شولے انسٹیٹوٹ نے خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ساتھ ایک ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ نگران وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بیروزگاری ایک دیرینہ مسئلہ ہے ، اپنے نوجوانوں کو بیروزگار دیکھ کر ہمیشہ سے بڑی تکلیف ہو تی تھی۔ا ±نہوںنے کہاکہ اب اﷲ تعالیٰ نے موقع دیا تو ترجیحی بنیادوں پر نوجوان طبقے کی فلاح کیلئے پروگرام کا اجراءکیا ہے۔نگران حکومت کی مدت مختصر ہے اور بنیادی کام عام انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا ہے جس کے لئے ہم ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں گے تاہم اس مختصر مدت کو ہم مخلوق کی بھلائی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھی استعمال میں لانا چاہتے ہیں۔ اسی وژن کے تحت خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا ایک اہم ترین جز نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا اور روزگار کیلئے بیرون ممالک بھیجنا ہے۔ نگران حکومت نے ہیومین ریسورس ایکسپورٹ ا سٹریٹٹجی کے تحت ایک واضح روڈ میپ تیار کیا ہے جس کے دیرپا اثرات مرتب ہو ں گے۔ ہمارا یہ پروگرام آنے والی حکومت کو بھی عوام کی خوشحالی خصوصاً نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ انسانیت کی بھلائی کا پروگرام ہے جسے سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر کم ازکم پانچ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ بیسڈ تربیت دے کر ملک و بیرون ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا حتمی ہدف ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اس مقصد کیلئے ایک لاکھ نوجوانوں کو کریش کورسز کروانے جارہے ہیں۔ ارشد حسین شاہ نے کہاکہ نوجوان ہمارامستقبل ہیں،ہم اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں ایک قیمتی اثاثہ بنانا چاہتے ہیں۔ اسی وژن کے تحت مذکورہ پروگرام کا اجراءکیا گیا ہے۔ انہوںنے اس مقصد کیلئے قائم ٹاسک فورس کے ممبران اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اس نیک کام کو آگے بڑھانے اور عوامی فلاح کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے میں مزید جانفشانی کے ساتھ کام کریں گے۔ نگران صوبائی وزراءڈاکٹر نجیب اﷲ اور ڈاکٹر عامر عبداﷲ کے علاوہ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پروگرام کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔ <><><><><><>