News Details

29/12/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ کا خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کا دورہ

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ نے جمعرات کے روز خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر تعلیم طلبہ میں لیپ ٹاپ جبکہ میڈیکل ایجوکیشن میں ماسٹرزڈگری مکمل کرنے والے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ ارشد حسین شاہ نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد صوبے کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کےلئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں طلبہ کو معیاری طبی تعلیم کی فراہمی میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کردار کو سراہا ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاءالحق نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں پڑھائے جانے والے مختلف کورسز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی مختلف شعبہ جات بشمول الائیڈ ہیلتھ سائنسز ، نرسنگ اور فارمیسی میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز آفر کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ کو یونیورسٹی میں جاری مختلف اقدامات، تحقیقی سرگرمیوں اوربیسک میڈیکل سائنسز میں پوسٹ گریجویٹ داخلوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی میں زیر تعمیر کے ایم یو ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو ضم اضلاع میں بھی کیمپسز قائم کرنے کے لئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں درکار تمام تعاون فراہم کرے گی۔ <><><><><><>