News Details
28/12/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کا ہزارہ ڈویژن کا دورہ
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز ہزارہ ڈویژن کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جبکہ ایبٹ آباد میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی ہزارہ کیمپس اور ایوب کالج آف ڈینٹسٹری کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ارشد حسین شاہ نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ اینڈ پیشنٹ فیسیلیٹیشن سنٹر اور کورنیا ٹرانسپلانٹ سروس کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ہزارہ ڈویژن کا سب سے بڑا تدریسی ہسپتال ہے، ہسپتال کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کا جلد اجلاس بلایا جائے گا۔ارشد حسین شاہ نے واضح کیا کہ نگران وزیراعظم کے اعلان کی روشنی میں صوبائی کابینہ نے ایوب میڈیکل کالج اور خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹیز کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دیدی ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد اس سلسلے میں پراسس شروع کیا گیا ہے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور الیکشن کمیشن سے این او سی ملنے کے بعد دونوں یونیورسٹیز کے لئے آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔ قبل ازیں ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے دورہ کے دوران پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی سب سے اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے جدید چیلنجز کے تناظر میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور جامعات کے روایتی کورسز کو مارکیٹ بیسڈ کورسز سے تبدیل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی مختلف جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، اگرچہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نسبتاً محدود ہے مگر وہ اپنے مختصر وقت میں صوبے کے عوام کی بھلائی کے لئے کچھ نہ کچھ کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں،اگر نیت نیک ہو تو مختصر وقت میں بھی بہت کچھ کیا جاسکتاہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بے روزگار دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نوجوانوں کو روزگار کے لئے بیرون ممالک بھیجنے کا پروگرام شروع کر ر ہے ہیں، پروگرام کے تحت ایک سال میں کم سے کم پانچ لاکھ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں کریش کورسز کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں اس پروگرام کا باضابطہ اجراءکیا جائے گا، اس مقصد کے لئے مختلف ممالک سے ڈیمانڈز لی جارہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم طلبہ کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں، طلبہ لیپ ٹاپ سے تعلیم و تحقیق کے لیے بھرپور استفادہ کریں او اپنی توانائیوں کو مثبت انداز میں استعمال کریں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہری پور اور ایبٹ آباد کو ہم نے کوانٹم ویلی ڈکلیئر کردیا ہے اور صوبے میں کوانٹم کمپیوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے جو ایک بہترین اقدام ثابت ہو گا۔
<><<><><><><>><>