News Details
27/12/2023
خیبرپختونخوا کے وفاق سے جڑے مالی مسائل کے حل کے سلسلے میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی درخواست پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اجلاس طلب کیا
خیبرپختونخوا کے وفاق سے جڑے مالی مسائل کے حل کے سلسلے میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی درخواست پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے منگل کے روز ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی قیادت میں صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام پرمشتمل ٹیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور صوبے کو درپیش مالی مسائل اور مختلف مدات میں وفاق کے ذمہ صوبے کے بقایاجات سے متعلق نگران وزیراعظم کوتفصیل سے آگاہ کیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو خیبرپختونخوا کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے اور اس مقصد کے لئے وفاقی سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی پن بجلی کے خالص منافع اور تیل و گیس کی رائلٹی کی مد میں ادائیگیوں کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔ مزید برآں وزیراعظم نے خیبرمیڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے وفاقی حکومت مدد فراہم کرے گی۔ نگرا ن وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے صوبے کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لینے اور اس سلسلے میں احکامات جاری کرنے پر نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ وزیراعظم کا خصوصی لگاواور ہمدردی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے۔
<><<><><><><>><>