News Details

19/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے منگل کے روز بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی اور بلدیاتی حکومتوں اور بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔ ان مسائل میں فنڈز کا مسئلہ، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں کمی، ضم اضلاع میں دفاتر کا قیام اور دیگر مسائل شامل تھے۔وزیراعلیٰ نے صوبے کی مالی طور پر کمزور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ٹی ایم ایز کے غیر ترقیاتی اخراجات، تنخواہوں اور بقایا جات کی ادائیگیوں کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ضم اضلاع میں بھی ویلج اور نیبر ہڈ کونسلوں کے دفاتر کیلئے بھی فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے کی مالی حالت بہتر ہونے پر اگلے مرحلے میں بلدیاتی حکومتوں کے غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے مزید فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی اجازت ملنے کے بعد بلدیاتی حکومتوں کے قانون میں ضروری ترامیم کے لئے آرڈیننس جاری کیا جائے گا جبکہ مقامی سطح پر مختلف کمیٹیوں اور خودمختار اداروں کے بورڈز میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بطور ممبر شامل کرنے کے لئے متعلقہ رولز آف بزنس میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں بلدیاتی حکومتوں کاکردارنہایت اہمیت کا حامل ہے،بلدیاتی حکومتوں کو درپیش مسائل کا احساس ہے ان کو حل کرنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ضم اضلاع میں بلدیاتی حکومتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ نگران صوبائی وزرا ء احمد رسول بنگش، انجینئر عامر ندیم درانی کے علاہ سیکرٹری بلدیات دائود خان اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ <><><><><><><>