News Details

18/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے پیر کے روز چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سرکاری محکموں کے امور باالخصوص ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اوراس مقصد کے حصول کے لئے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل میں نیب کے اعلیٰ حکام کو شریک عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ان منصوبوں میں کسی بھی ممکنہ بدعنوانی کو ابتداءہی سے روکا جا سکے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ ٹاسک فورس میں بھی نیب کا نمائندہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل میں نیب کی شمولیت سے شفافیت یقینی ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل میں تاخیر سے بھی بچا جا سکے گا اور سرکاری حکام کو اعتماد بھی ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس ملک و قوم کی ترقی اور لوگوں کی بھلائی کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے، نیب میں اصلاحات کا عمل خوش آئند ہے اس سے بد عنوانی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے اس میں ہم سب کو انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف صوبائی حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ، خوشحال پروگرام مرتب کیا گیا ہے ، جس کا ایک بنیادی جز صوبے سے کرپشن کا خاتمہ بھی ہے ۔ چیئرمین نذیر احمد نے بدعنوانی کا خاتمہ اور سرکاری امور میں شفافیت کے لئے وزیراعلیٰ کے وژن کی تعریف کی اور کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے قومی احتساب بیورو صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرےگا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا وقار احمد چوہان بھی ملاقات میںشریک تھے۔ <><><><><><><>