News Details

14/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ اورگورنر حاجی غلام علی نے بدھ کے روز ڈی آئی خان کا دورہ کیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ اورگورنر حاجی غلام علی نے بدھ کے روز ڈی آئی خان کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور بھی ان کے ہمراہ تھے۔نگران وزیر اعلیٰ اور گورنر نے کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن کے دفتر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق منعقدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں گزشتہ روز ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے ناخوشگوار واقعے کے تناظر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے ڈی آئی خان میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ روز کے واقعے کے مختلف پہلوو ¿ں اور ڈی آئی خان میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی جس کے دوران بتایا گیا کہ سال 2023 کے دوران پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ڈی آئی خان میں 194 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کئے،رواں سال اب تک 54 دہشت گردوں کو گرفتار جبکہ 55 کو مار دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملہ انتہائی ناخوشگوار واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، ہمیں پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ جوانمردی سے دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں پسپا کیا۔ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے، پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بعد ازاں نگران وزیر اعلی اور گورنر نے نگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ کے ہمراہ سی ایم ایچ ڈی آئی خان کا دورہ کیا اور وہاں پر دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والے زیر علاج سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ <><><><><><><>