News Details
12/12/2023
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے خیبرپختونخوا بار کونسل کے نمائندہ وفد نے وائس چیئرمین زربادشاہ خان کی سربراہی میں ملاقات کی
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے پیر کے روز خیبرپختونخوا بار کونسل کے ایک نمائندہ وفد نے وائس چیئرمین زربادشاہ خان کی سربراہی میں ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں سید مبشر شاہ، محمد علی خان جدون، محمد الیاس خان، نعمان الحق کاکا خیل، سید تیمور علی شاہ، نور عالم خان اور اکبر خان کوہستانی اور عادل نواز خان شامل تھے۔ سیکرٹری محکمہ قانون اختر سعید ترک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں وکلاء کی فلاح و بہود اور ان کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی جبکہ وفد نے لائیرز پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری قانون کو وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے دیگر متعلقہ محکموں اور وکلاء کی مشاورت سے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وکلاء معاشرے کا ایک اہم رکن ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کو انصاف دلانے میں وکیل کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت اپنے مینڈیٹ میں رہ کر وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
<><><><><><><>