News Details
10/12/2023
انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کا پیغام
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا آفاقی منشور کرہ ارض پر موجود تمام انسانوں کو آزادی، عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق دیتا ہے۔ ہر سال دس دسمبر کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن کے طور پر منایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بنیادی طور پر پوری دنیا اس بات سے متفق ہے کہ ہر قوم، طبقے یا فرد کو آزادی کے ساتھ اپنی مرضی سے جینے کا حق حاصل ہے اور کسی بھی قوت یا طاقت کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے کسی دوسرے پر ظلم و جبر کرے اور آزادی اور عزت کے ساتھ جینے کے بنیادی حق پر قدغن لگائے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری اپنے بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ اقوام عالم میں انسان کے بنیادی حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج دنیا کے مختلف خطوں خصوصی پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں معصوم انسانیت ظلم و ستم کا شکار ہے۔ اسی طرح دیگر متعدد معاشروں میں آئے روز انسانی بنیادی حقوق کی پامالی کسی سے بھی مخفی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام تمام انسانیت کی بقائ، فلاح و بہبود اور ارتقاءکے زریں اصولوں کا امین ہے۔ انسانی حقوق کے بارے میں اسلام کا تصور بڑا جامع ، آفاقی اور یکساں نوعیت کا حامل ہے جو حق دار کو حق کی فراہمی، بقاءباہمی، عزت و احترام اور ایثار و قربانی کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ظلم و جبر کی مخالفت کا درس دیتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح آئین پاکستان بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ریاست میں رہنے والے ہر فرد کے حقوق کا ضامن ہے جس کی روشنی میں خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے معاشرے کے کمزور اور نادار طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ قانون سازی کی گئی ہے۔ معاشرے کے خصوصی افراد، بچوں، اقلیتوں ، خواتین ، مزدوروں، خواجہ سراو ¿ں وغیرہ سب کے حقوق کے تحفظ کے لئے مخصوص قوانین موجود ہیں جن پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ موجود ہ نگران صوبائی حکومت متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے، عوامی حقوق کے تحفظ خصوصی طور پر مستحق و کمزورطبقات کی فلاح و بہبود کے لئے ناصرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ۔ آج کے دن ہم سب نے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم باہمی عزت و وقار کے جذبے کو فروغ دینے ، ایک دوسرے کے حقوق کا تحفظ کرنے اور اپنے ارد گرد مستحق افراد کی مدد کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
<><><><><><><>