News Details

07/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نےنگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ کی زیر صدارت نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزارا۔انہوں نے نگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ کی زیر صدارت نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔ خیبرپختونخوا حکومت کے متعلقہ حکام بھی نگران وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے انسداد پولیو مہم کو مزید موثر انداز میں جاری رکھنے سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔بعدازاں نگراں وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی اور آنے والے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور چیف الیکشن کمشنر کو اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی تیاریوں اور دیگر معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے بھی ملاقات کی اور وفاقی حکومت سے جڑے صوبے کے مالی معاملات ، صوبے کو درپیش مالی مسائل خصوصاً ضم اضلاع کے مالی معاملات سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔ نگراں وزیراعلیٰ نے وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی اور صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ جبکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ <><><><><><><>