News Details

03/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کا قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نو شہرہ کا اچانک دورہ

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ گئے جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملے اور ان سے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات بارے معلومات حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ ارشد حسین شاہ نے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ایک ہفتے میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ طبی خدمات کی فراہمی کے کسی بھی مرکز میں صفائی سب سے بنیادی اہمیت کی حامل ہے جس کے بغیر معیاری علاج معالجے کی فراہمی ممکن ہی نہیں لہٰذا ہسپتال انتظامیہ صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دے۔ موقع پر موجود ہسپتال عملے نے وزیر اعلیٰ کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجے کی خدمات بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ان کی حکومت کی اہم ترجیح ہے، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام اس مقصد کے لئے دستیاب وسائل کے بہتر اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔