News Details

30/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز پشاور پریس کلب کا دورہ کیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز پشاور پریس کلب کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے چوسٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے پچیس کے وی سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ سولر سسٹم کی تنصیب سے پشاور پریس کلب کو بجلی کے بلوں کی مد میں سالانہ 20 لاکھ روپے تک کی بچت ہوگی۔ نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری اطلاعات عبد الجبار شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد عمران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نگران حکومت نے صوبے میں خوشحال پختونخوا پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت لوگوں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں گے ۔ہم نے گورننس کو عوام کی خدمت کے اُصولوں پر بہتر بنانا ہے اور عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے ۔ نگران حکومت نے ریونیو کے دیرینہ مسائل کے حل ، تجاوزات کے خاتمے ، گراں فروشی ، ملاوٹ، کرائمز ، ٹریفک کے مسائل اور منشیات کے خلاف صوبہ بھر میں سخت مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ منشیات کے خلاف مہم میں نگران حکومت کو صحافیوں کے تعاون اور رہنمائی کی ضرورت ہو گی ۔ منشیات ایک لعنت ہے اور منشیات فروش ہماری نسلوں کے دشمن ہیں ۔ منشیات مافیا نے سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں کو اپنا گڑھ بنا لیا ہے اس لئے ان کے خلاف جہاد میں حکومت کو صحافیوں کے تعاون کی بھر پور ضرورت ہے ۔ ارشد حسین کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں زراعت و لائیو سٹاک کے محکموں کے ذریعے لوگوں کو اچھی پیداوار کی تربیت دی جائے گی تاکہ صوبے کے عوام خوشحال ہو سکیں۔ ہم نے تمام وزارتوں اور محکموں کو عوام کی خدمت کا پروگرام دیا ہے جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ۔ نگراں حکومت صوبے کے قدرتی اور معدنی وسائل کو عوام کی خوشحالی کیلئے بھر پور استعمال کرے گی ۔ہم نے اپنے نوجوانوں کو باروزگار بنانے کیلئے ہیومین کیپٹل ایکسپورٹ سٹریٹٹیجی مرتب کی ہے جس کے تحت اگلے سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ ارشد حسین نے مزید کہاکہ نوجوانوں کو اُن کی صلاحیتوں کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ اُنہیں بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کیلئے ایک جامع حکمت عملی بنائی ہے جس کا مقصد تعلیم و صحت کے نظام کو وقت کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کیلئے ناگزیر ہے ۔ میڈیا نے جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور اس کی اسی اہمیت کے پیش نظر میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔ میڈیاہماری نظریاتی سرحدوں اور آزادی کی ترجمانی کرتا ہے اور حکام تک عوامی مسائل کو پہنچاتا ہے ۔ صحافت ایک عظیم مشن ہے جبکہ صحافی کاکام بہت مشکل اور محنت طلب ہو تا ہے ۔ صحافی ہفتہ بھرچوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہوتا ہے اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر حق کی صدا بلند کرتا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران خیبرپختونخوا کے صحافیوں نے جن نامساعد حالات میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھائی ہیں ان کی پوری دُنیا میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشاور پریس کلب کیلئے تین کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔