News Details

29/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے والے افسران کیساتھ نیب کو پراجیکٹس سائیکل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے نیب کے اعلیٰ حکام کو باضابطہ مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے والے افسران کو پر اعتماد بنانے، ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر نیب کو پراجیکٹس سائیکل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے نیب کے اعلیٰ حکام کو باضابطہ مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 15ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ نگران صوبائی وزیر برائے سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، ایم ڈی اربن موبیلیٹی اتھارٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور اور دیگر بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے پراجیکٹس سائیکل میں نیب کو نمائندگی دینے کے فیصلے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے ترقیاتی کاموں میں شفافیت یقینی ہوگی اور کام کرنے والے افسران کو اعتماد بھی ملے گا۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کام کرنے والے افسران کو پورا اعتماد دیا جائے گا تاکہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد میں ہچکچاہٹ یا ڈر محسوس نہ کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تمام امور کو ابتدا ہی سے صاف اور شفاف رکھا جائے تاکہ مستقبل میں احتساب کے ڈر سے ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد تاخیر کا شکار نہ ہو،اس سارے عمل سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی ہوگی اور ان کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں رواں مالی سال کے لیے اتھارٹی کے بجٹ تخمینہ جات، بی آر ٹی کے کمرشل پلازوں کی تعمیر پر پیش رفت اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بورڈ کے غیر سرکاری ممبران کے نام تجویز کرنے کے لئے مجوزہ نامینیشن کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ مذکورہ کمیٹی بورڈز ممبرشپ میں ضروری تبدیلیاں لانے کیلئے سفارشات پیش کرے گی اور اس مقصد کے لئے متعلقہ قانون میں ترامیم بھی تجویز کرے گی۔ اجلاس میں رواں مالی سال کے لئے خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بجٹ کی مشروط منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں مالی سال 22-2021 کے لئے اتھارٹی کی فنانشل آڈٹ رپورٹ کی منظوری دیدی گئی اور ہدایت کی گئی کہ مذکورہ رپورٹ کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ اجلاس میں بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کو دیرپا بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس مقصد کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے بی آر ٹی کے کمرشل پلازوں کی تکمیل میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پی ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں مذکورہ کمرشل پلازوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا جائے گا اور پلازوں کی تیز رفتار تکمیل کے لیے لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ٹرانس پشاور سمیت تمام خود مختار اداروں کو مالی خود انحصاری پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ خود مختار ادارے اس مقصد کے لئے اپنے وسائل کا بہتر اور موثر استعمال یقینی بنائیں۔ سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی عوامی فلاح کا منصوبہ ہے، اس کو پائیدار بنیادوں پر چلانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹرانس پشاور کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے مجوزہ ایڈورٹائزمنٹ پلان اور بی آر ٹی بس ڈپو میں سولر پلانٹ کی تنصیب سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں دو ہفتوں کے اندر حتمی لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔