News Details

27/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا اتوار کے روز ضلع مردان کا دورہ۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لئے قائم مرکزمیں انتظامات کا جائزہ

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے اتوار کے روز ضلع مردان کا دورہ کیا اور عبد الولی خان یونیورسٹی میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ ) کے لئے قائم امتحانی مرکز میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ کو متعلقہ حکام کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ ارشد حسین شاہ کو بتایا گیا کہ مردان سنٹر میں ایم ڈی کیٹ کے کل 5443 امیدوار رجسٹرڈ ہیں جبکہ ایم ڈی کیٹ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ امتحانی مرکز کے احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع ہے اس کے علاو ¿ہ امتحانی مرکز کے احاطے میں موبائل فونز اور گھڑیوں سمیت ہر قسم کی ڈیوائسز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ امیدوارں اور امتحانی عملے کی مکمل باڈی سرچ کی گئی ہے اور امتحانی مرکز کے احاطے میں موبائل سگنلز مکمل طور پر بند کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ امتحانی سنٹر میں درکار تعداد میں نگران عملے کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ہے۔ مزید برآں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے دوران برقی آلات اور دیگر گیجٹس کے استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پہلے ہی پابندی لگائی گئی ہے۔