News Details

09/11/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا 9 نومبر کے حوالئے سے پیغام

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ مصور پاکستان، حکیم الامت علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے۔ آپ نے اپنی شاعری، افکار اور پیغامات کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور ان کے لئے ایک جداگانہ ریاست کا تصور پیش کیا جس کی بدولت برصغیر کے مسلمان وطن عزیز پاکستان کی صورت میں اپنے لئے ایک علیحدہ ریاست کے حصول میں کامیاب ہوئے۔ 9 نومبر(یوم ولادت اقبال) کی مناسبت سے اپنے جاری ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایک عظیم رہنماتھے جنہوں نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کی، مسلمانوں میں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا اور اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی ترغیب دی۔محمد اعظم خان نے علامہ اقبال کی قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال ایک معروف قانون دان ، عظیم فلسفی، اسلام کے حقیقی مفکر ، شاعر، مدبر سیاستدان اور تحریک پاکستان کے اہم ترین رہنماﺅں میں سے ایک تھے اور آپ نے نہ صرف نوجوانانِ ملت کی فکری رہنمائی کی بلکہ اسلام کے حقیقی تشخص کو اُجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے آج ہمیں علامہ اقبال کے فلسفہ و افکار کو فروغ دینے اور ان کے پیغامات پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے علامہ اقبال کی سوچ وفکر کی پیروی کریں،اپنی صفوں میں اتحادپیداکریں اور عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے عملی جدوجہد کریںتاکہ ہم ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں۔ <><><><><><><>